15 اکتوبر 2014 - 12:56
ملک میں داعش کا لٹریچر تقسیم ہونے کا انکشاف ، حساس ادارے چوکنا ہوگئے

پاکستان میں افغانستان کے راستے آنیوالاداعش کا لٹریچر تقسیم ہونا شروع ہو گیا ہے

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق  پاکستان میں افغانستان کے راستے آنیوالاداعش کا لٹریچر تقسیم ہونا شروع ہو گیا ہے جس پر ملک کے اعلیٰ حساس اداروں نے نوٹس لیتے ہوئے تمام قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو اس مواد کو ضبط کرنے اور تقسیم کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں، لٹریچر کی تقسیم کے پیچھے مختلف گروپوں کے ہاتھ ہونیکا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل کاﺅنٹر ٹیررزم اتھارٹی کی طرف سے ایک خفیہ لیٹر چاروں صوبوں کے وزراءاعلیٰ اور دیگر حساس اداروں کو جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے حال ہی میں پشاور میں افغان مہاجرین کے کیمپ اور دیگر علاقوں میں داعش کی جانب سے پشتو میں جو پمفلٹ تقسیم کیا گیا، اس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ یہودیوں اور مسیحیوں کے مسلمانوں پر ظلم کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں اسلئے زیادہ سے زیادہ نوجوان ہمارے ساتھ شامل ہوں تاکہ کامیابی کی رفتار میں تیزی لائی جائے جس پر حساس اداروں نے اس پمفلٹ کو فی الحال ضبط کر لیا ہے ۔ نیشنل کاﺅنٹر ٹیررزم اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق اس مواد کو ملک کے دیگر حصوں میں روکنے کیلئے اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے یہ میٹریل افغانستان کے راستے پاکستان لایا گیا ہے اور اس میں تحریک طالبان پاکستان کے کچھ لوگ شامل ہیں جنہوں نے ہلمند میں ایک دفتر قائم کیا ہے ۔ٹی ٹی پی یہ لٹریچر پاکستان بھجوا رہی ہے تاہم یورپ اور بھارت کے ادارے جن تنظیموںکو فنانس کر رہے ہیں وہ بھی اس کے پھیلاﺅ میں ملوث ہو سکتے ہیں۔ پاکستان کے اندر جن گروپوں کے بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں ان میں یاسین چوکا گروپ، منیر چوکا گروپ، اسلامک موومنٹ آف ازبکستان اسلامک جہاد یونین گروپ، ایسٹ ترکمانستان اسلامک موومنٹ، عبداللہ اعظم بریگیڈ، ترکش جماعت، تحریک طالبان افغانستان شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں اس لٹریچر کو پھیلانے کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کیا جائے تاکہ یہاں سے چند لوگوں کو وہاں لے جا کر اس کے بعد پوری دنیا میں میڈیا پر پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ کیا جائے ۔اس مقصد کےلئے بھارت اور بعض یورپی ملکوں کے ادارے اس میں ملوث ہوسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بعض خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات خراب کرنے کے لئے یہ سازش کی جا رہی تھی تاہم اس کو پہلی سٹیج پر ہی پکڑلیا گیا ہے۔

.......

/169